حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ سینیٹ کا طریقہ انتخاب تبدیل ہونا چاہیے مگر مسئلہ یہ ہے کہ حکومت اور اپوزیشن کی دو بڑی جماعتوں کو اپنے اراکین پر اعتماد نہیں ہے ،سینیٹ ہی کے نہیں قومی اسمبلی کے انتخابات بھی قبل از وقت ہونے چاہیے ،شفاف اور متناسب نمائندگی پر انتخابات وقت کی ضرورت ہے ، پی ڈی ایم کی تحریک نظام تبدیلی ، عوامی حقوق یا انتخابی طریقہ کار کی تبدیلی کے لیے نہیں بلکہ ان کا مسئلہ صرف اپنی باری کاہے ، ملک میں عدل وانصاف کی عدم فراہمی، ظلم وجبر، لاقانونیت،مہنگائی اور بےروز گاری کاخاتمہ صرف اسلام کے نظام عدل سے ہی ممکن ہے جس کے لےے جماعت اسلامی جدوجہد کررہی ہے ۔ وہ دورہ حیدرآباد کے دوران لاکھا مسجد میںنماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کے بعدمیڈیا سے گفتگو کررہے تھے ،اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اسداللہ بھٹو، صوبائی امیر محمد حسین محنتی،نائب امیر جماعت اسلامی سندھ حافظ نصر اللہ عزیز، صوبائی جنرل سیکرٹری کاشف سعیدشیخ،صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری عبدالوحیدقریشی، امیر ضلع عقیل احمد خان ،سابق امیر ضلع حافظ طاہر مجید، نائب امیر ضلع عبدالقیوم ودیگر بھی موجود تھے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ پی ڈی ایم میں شامل دونوں بڑی جماعتیں 3،3بار برسراقتدار رہیں لیکن انہوںنے عوام کو کچھ دینے کے بجائے کرپشن کرکے ملک کو تباہ کردیا، موجودہ حکومت ناکامی کے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ رہی ہے جبکہ اپوزیشن کے پاس بھی عوام کے لیے کوئی پروگرام نہیں ہے قوم کے لیے متبادل صرف جماعت اسلامی ہے جو کہ فرسودہ نظام کے خاتمے غربت، بے روز گاری ومہنگائی کے خلاف جدوجہد کررہی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوںنے کہاکہ موجودہ حکومت بھی سابقہ حکومتوں کی طرح اسٹیبلشمنٹ کے تعاون سے برسراقتدار آئی ہے مگر پی ٹی آئی حکومت نے تو اسٹیبلشمنٹ کو پوری طرح نمایاں کردیا ہے ۔ ایک سوال پر انہوںنے کہاکہ پی ڈی ایم اور حکومت کے درمیان تنازعہ صرف دودھ کی بوتل کا ہے کہ اسٹیلشمنٹ نے یہ بوتل انکے منہ سے نکال کر دوسرے کے منہ میں کیوں دی، جماعت اسلامی نے اس جدوجہد کا حصہ بننے کے بجائے عوام کے حقوق اور حقیقی معنی میں اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے جدوجہد کوجاری رکھے ہوئے ۔جماعت اسلامی ہی نظام مصطفےٰ قائم کر کے حقیقی تبدیلی لا سکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت سینیٹ انتخاب قبل ازوقت کرانا چاہتی ہے تو قومی اسمبلی کے انتخابات بھی قبل ازوقت کروانا چاہے۔ حکومت ایوان بالا کے انتخاب میں شو آف ہینڈ اس لیے کرانا چاہتی ہے کہ اسے اپنے ارکان پر اعتبار نہیں ہے جبکہ معاملہ اپوزیشن کا بھی یہی ہے ۔قبل ازیں امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے سابق امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد مشتاق احمد خان سے ان کی رہائشگاہ پر صاحبزادی کی وفات پر تعزیت ،ادیب دانشور اور محقق ڈاکٹر عبدالجبار عابد لغاری کی وفات پر ان کے بیٹے پروفیسر ڈاکٹر نصراللہ لغاری سے تعزیت اور مرحومین کے لیے دعائے مغفرے بھی کی ۔