ڈی سی لاڑکانہ نے بینظیربھٹو کی برسی کے انتظامات کا جائزہ لیا

121

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) کمشنر لاڑکانہ محمد سلیم رضا کھوڑو کی زیر صدارت سابق وزیراعظم شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی 27 دسمبر کو ہونے والی 13 ویں برسی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے گڑھی خدابخش بھٹو میں لاڑکانہ ڈویژن کے مختلف محکموں کے سربراہان کا اجلاس ہوا جس میں کمشنر نے فول پروف سیکورٹی تشکیل دینے کے لیے ڈی آئی جی کو ہدایت کی جبکہ اسپیشل برانچ کو ہدایت کی کہ واک تھرو گیٹ نصب کیے جائیں اور سخت سیکورٹی کے انتظامات کیے جائیں۔ اس کے ساتھ مختلف مقامات پر سی سی ٹی کیمرے بھی نصب کیے جائیں تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہو۔ گڑھی خدابخش بھٹو مزار کے احاطے میں کنٹرول روم بھی قائم کیا جائے جہاں برسی کی تقریبات کو مانیٹر کیا جائے۔ کمشنر نے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت کی کہ ضلع میں صفائی اور لائٹنگ کے بہتر انتظامات کرکے سائن بورڈ نصب کیے جائیں، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اور میونسپل کمشنر کو ہدایت کی کہ شہر میں صفائی کے نظام کو بہتر بنایا جائے، نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور روڈز محکمے کے افسران کو ہدایت کی کہ ڈویژن کے اندر مختلف روڈوں کے جاری ترقیاتی کاموں کو فوری طور پر مکمل کیا جائے جہاں مرمت کی ضرورت ہے ان روڈوں کی مرمت کی جائے۔ کمشنر نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ برسی کے موقع پر سیکورٹی اور ٹریفک کے نظام کو بہتر بنایا جائے، ریونیو افسران کو ہدایت کی کہ پارکنگ ایریاز کے کام کو تیز کیا جائے، اجلاس میں ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ طارق منظور نے برسی انتظامات کے متعلق بریفنگ دی۔ کمشنر نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ گڑھی خدابخش بھٹو کے روڈوں پر میڈیکل کیمپس لگاکر مختلف موبائل میڈیکل سروس شروع کی جائے اور بیسک یونٹ و ڈسپنسریوں کو 24 گھنٹے کھلا رکھا جائے جہاں ماہر ڈاکٹروں اور عملے کے ساتھ ساتھ ادویات رکھی جائیں، سیپکو افسران کو ہدایت کی کہ برسی کے موقع پر بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کی جائے اور اسٹینڈ بائی جنریٹرز کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے۔میونسپل افسران کو ہدایت کی کہ مزار پر صفائی اور روشنی کے انتظامات کو یقینی بنایا جائے اور فائر بریگیڈ کو ریڈی پوزیشن میں رکھا جائے۔اس موقع پر تمام محکموں کے سربراہان نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔