موجودہ حکومت وبا بن چکی اس سے نمٹنا ضروری ہے ، سراج الحق

909
کراچی: امیر جماعت اسلامی سراج الحق ضلع گلبرگ میں ذمے داران سے خطاب کررہے ہیں،معرج الہدیٰ، محمداصغر، حسین محنتی، حافظ نعیم ودیگر بھی موجود ہیں

 

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ نوجوان ہماری تحریک کا اہم حصہ اور ہر اول دستہ ہیں ، نوجوانوں کے اندر بڑا تحرک اور انقلابیت موجود ہے ، ان کے ساتھ مل کر ایک بڑی اور حقیقی تبدیلی ممکن بنائی جاسکتی ہے اور موجودہ حکومت جو ایک وبا بن چکی ہے ، اس سے بھی نمٹا جاسکتا ہے
،حکمرانوں کی نا اہلی اور مجرمانہ غفلت و لاپروائی نے کراچی کو تباہ و برباد کردیا ،پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم دونوں جماعتیں اقتدار میں رہیں ، لیکن مسائل حل کرنے کے بجائے مزید بڑھائے گئے ، پی ٹی آئی کی موجودہ حکومت نے بھی ڈھائی سال میں کراچی کے بنیادی مسائل کے حل کے لیے عملاً کچھ نہیں کیا ، جماعت اسلامی نے ماضی میں بھی عوام کی خدمت اور مسائل کے حل کی جدوجہد کی ہے اور حقوق کراچی کی حالیہ تحریک میں بھی بنیادی مسائل کو اٹھایا ہے ۔ عوام کی ہر سطح پر بھر پور ترجمانی کی وجہ سے لوگوں کا رجحان جماعت اسلامی کی جانب مزید بڑھا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع شرقی و گلبرگ کے دفاتر میں اضلاع کے ذمے داران کے تنظیمی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجتماعات میں ضلع شرقی کے امیر سید شاہد ہاشمی اور سیکرٹری ڈاکٹر فواد احمد، ضلع گلبرگ کے امیر فارو ق نعمت اللہ ، قیم کامران سراج نے اپنے ضلعے میں جماعت اسلامی کی دعوتی و تنظیمی عوامی خدمات اور سیاسی و سماجی سرگرمیوں کی رپورٹ ، بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں اور آئندہ کی منصوبہ بندی کے حوالے سے تفصیلات پیش کیں ۔ اجتماع میں نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی،نائب قیم محمد اصغر،امیر صوبہ سندھ محمد حسین محنتی ، امیر کراچی حافظ نعیم الرحمن ، سیکرٹری کراچی عبد الوہاب ،نائب امرا ڈاکٹر اسامہ رضی ، راجا عارف سلطان ، سلیم اظہر ،نظم ضلع و علاقہ ، جے آئی یوتھ ، پبلک ایڈ کمیٹی اور برادر تنظیمات کے ذمے داران نے شرکت کی ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی ایک دعوتی اور انقلابی جماعت ہے ، اقامت دین کی جدوجہد اور عوامی خدمت کے ذریعے رضائے الٰہی کا حصول ہمارا مقصد ہے ، نوجوان ہماری تحریک کا اہم حصہ اور ہر اول دستہ ہیں ، نوجوانوں کے اندر بڑا تحرک اور انقلابیت موجود ہے ، ان کے ساتھ مل کر ایک بڑی اور حقیقی تبدیلی ممکن بنائی جاسکتی ہے اور موجودہ حکومت جو ایک وبا بن چکی ہے ، اس سے بھی نمٹا جاسکتا ہے ۔ سراج الحق نے کہا کہ کراچی کے اندر دعوتی و تحریکی اور سیاسی میدان میں بڑے مواقع موجود ہیں ،ہمیں عوام سے اپنے رابطوں کو مزید بڑھانا اور مساجد کو اپنا مرکز بنانا چاہیے ،علما کرام اور امام وخطبا کرام سے تعلق کو مضبوط اور مستحکم کرنا ہوگا یہ طبقہ بھی معاشرے میں تبدیلی کا ایک مؤثر اور اہم ذریعہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اور الخدمت نے بلاشبہ کراچی سمیت ملک بھر میں کورونا وبا کے دوران خطرات کی پروا کیے بغیر لوگوں کی مدد کی ہے اور حکومتی مشینری اور اختیارات نہ ہونے کے باوجود مثالی خدمات انجام دی ہیں ،جماعت اسلامی عوامی خدمت اور دعوت دین کی جدوجہد جاری رکھے گی ،اسلامی نظام اور سود سے پاک معیشت سے ہی ملک اور قوم تمام مسائل اور بحرانوں سے نجات حاصل کرسکتے ہیں ۔