زرداری اور یوسف رضا گیلانی کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت ملتوی

219

اسلام آبا(اے پی پی) احتساب عدالت کے جج اصغرعلی کی عدالت میں زیرسماعت سابق صدر آصف علی زرداری اور یوسف رضا گیلانی سمیت دیگر ملزمان کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس میں وکیل صفائی کی استدعا پر سماعت ملتوی کردی گئی۔ بدھ کے روز سماعت کے دوران فاروق ایچ نائیک اور نیب پراسیکوٹرز سردار مظفر عباسی عدالت پیش ہوئے۔ فاروق نائیک نے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہاکہ عدالت عظمیٰ میں ڈے ٹو ڈے سماعت ہو رہی ہے، وہاں سے ایک بجے فری ہوں گا، جس پرعدالت نے کہاکہ ایک بجے کے بعد پیش ہو جائیں۔ نیب پراسیکیوٹر نے کہاکہ اگر یہ جرح نہیں کرتے تو ہم مزید گواہوں کے بیانات قلمبند کرا لیتے ہیں، فاروق ایچ نائیک نے کہاکہ میری گزارش ہے 7 جنوری تک سماعت ملتوی کی جائے،7 اور 8 جنوری کو تینوں گواہوں پر جرح کر لیں گے۔عدالت نے نیب کے گواہ کلیم شہزاد، محمد خلیل اور محمد ناصر خان کو طلب کرلیا اور فاروق ایچ نائیک کی جرح کے لیے وقت دینے کی استدعا منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت آج (جمعرات) تک ملتوی کر دی۔