لاہور (آن لائن) پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ شہباز شریف پر الزامات کا ریکارڈ نہیں دیا گیا، سلیکٹڈ اور نا اہل حکمران جیلیں بھر لیں تحریک اب نہیں رکے گی۔ گزشتہ روز احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ شہباز شریف نے بدھ کے روز احتساب عدالت میں پیش ہوکر عدالت کو بتایا ہے کہ انہوں نے اپنی حکومت کے دوران اہم عہدے پر رہتے ہوئے سرکاری خزانے سے تنخواہ ٹی اے ڈی اے اور میڈیکل سمیت دیگر مرعات میں ایک روپیہ بھی وصول نہیں کیا۔ انہوں نے کہاکہ نیب نے تصدیق شدہ ریکارڈ تاحال عدالت میں پیش نہیں کیا جبکہ شہباز شریف پر عاید جھوٹے الزامات سے متعلق ریکارڈ کی غیر مصدقہ فوٹو کاپیاں عدالت میں پیش کر رکھی ہیں۔ شہباز شریف وہ تمام اخراجات اپنی جیب سے ادا کرتے رہے ہیں۔