استعفوں کا ایٹم بم چلانے کی دھمکی پھلجھڑی نکلے گی، شیخ رشید

335
اپوزیشن کی بے وقوفیوں کی وجہ سے عمران خان مضبوط ہوئے، وزیر داخلہ

اسلام آباد(اے پی پی) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ میری خواہش ہے کہ درمیانی راستہ نکلے تاہم اگر اپوزیشن استعفے دینا چاہتی ہے تو شوق سے دے،پیپلز پارٹی کو سیاست میں بہتر پوزیشن میں دیکھ رہا ہوں، بلاول کی استعفوں کا ایٹم بم چلانے کی دھمکی پھلجھڑی ہو گی،یقین ہے شہباز شریف مثبت سوچ کے ساتھ آگے بڑھنے کی بات کریں گے، کچھ سیاستدان چاہتے ہیں کہ جمہوریت بند گلی میں داخل ہو جائے بدھ کو ایف آئی اے ہیڈ کوارٹرکے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف سے متعلق وزارت داخلہ نے بہتری کی ہے اور مزید کرے گی۔وزیر داخلہ نے کہا کہ شہباز شریف اور بلاول زرداری کی ملاقات ہوئی ہے اور بلاول نے استعفوں کا ایٹم بم چلانے کی دھمکی دے دی ہے لیکن مجھے یقین ہے وہ پھلجھڑی ہوگی کیونکہ پیپلزپارٹی جمہوری عمل پر یقین رکھتی ہے اور اس نے ہمیشہ جمہوری عمل کو سپورٹ کیا تاہم کچھ لوگ انتہائی قدم اٹھانا چاہتے ہیں تاکہ جمہوریت بند گلی میں داخل ہوجائے اور خدانخواستہ جمہوریت کو کوئی خطرات لاحق ہوجائیں۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اگر اسلام آباد آنا چاہتی ہے تو شوق سے آئے، انہوں نے فروری میں لانگ مارچ کا اعلان کیا ہے بہتر ہے وہ اس سے پہلے ہی آجائیں۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے استعفے پارٹی صدر کو دینے ہیں اور مسلم لیگ (ن) کا پارٹی صدر شہباز شریف ہے اور مجھے پورا یقین ہے کہ وہ مثبت سوچ کے ساتھ سیاست کو آگے لے جانے کی بات کریں گے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایگزیٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل)میں 400 لوگوں کے نام ہیں جنہیں کم کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ بلیک لسٹ میں بھی ہزاروں لوگوں کے نام ہیں انہیں بھی کم کرنے کا کہا ہے،بلاوجہ ان فہرستوں میں نام نہ رکھا جائے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ امیگریشن میں3سال سے زیادہ ایک عہدے پر رہنے والے کا تبادلہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہزاروں کی تعداد میں مختلف قسم کی شکایات ہیں اور ایف آئی اے کو فنڈز کی ضرورت ہے جس پر میں فوری طور پر2ارب روپے دینے کا اعلان کر رہا ہوں۔