لاہور (نمائندہ جسارت) احتساب عدالت نے شہباز شریف خاندان کیخلاف منی لانڈرنگ و آمدن سے زاید اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت 22 دسمبر تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر نیب کے گواہ کو بیان ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کر لیا۔عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں بھی آئندہ سماعت تک توسیع کردی اور جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر ملزمان کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے کیس کی سماعت کی۔بدھ کے روز عدالتی سماعت پر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر سخت سیکورٹی حصار میں سینٹرل جیل کوٹ لکھپت سے لاکر عدالت میں پیش کیا گیا۔