کراچی (نمائندہ جسارت) سندھ میں بلدیاتی انتخابات اور مردم شماری کے حتمی نتائج جاری نہ کرنے کے خلاف درخواست ،عدالت نے اٹارنی جنرل اور کیبنٹ سیکرٹری کو بھی نوٹس جاری کردیے، سندھ ہائی کورٹ میں صوبے میں بلدیاتی انتخابات اور مردم شماری کے حمتی نتائج جاری نہ کرنے کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی جہاں درخواست گزار کے وکیل کا کہنا تھا کہ
کراچی کو بلدیاتی انتخابات سے محروم رکھا گیا جارہا ہے۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ مردم شماری کے نتائج کا معاملہ طے ہوگیا، کمیٹی نے سفارشات وفاقی کابینہ کو بھجوادی ہیں۔ جسٹس محمد علی مظہر کا کہنا تھاکہ کیا آپ چاہتے ہیں مردم شماری کے بغیر بلدیاتی انتخابات کا حکم دیں ہم ؟آپ 2017ء کے مردم شماری کے نتائج ابھی تک جاری نہیں کرسکے کس کی نااہلی ہے ؟ ۔ عدالت نے اٹارنی جنرل اور کیبنٹ سیکرٹری کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر اٹارنی جنرل سے کابینہ اجلاس سے متعلق پیش رفت رپورٹ طلب کرلی۔ درخواست گزار کے وکیل کا کہنا تھا کہ مردم شماری کے نتائج کا بہانہ بناکر بلدیاتی انتخابات میں تاخیر کی جارہی ہے۔ عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ ہمارے حکم پر نتائج کا معاملہ حل ہوا ہے ورنہ آپ یہ بھی نہیں کرتے،امید ہے کابینہ جلد اسے حتمی شکل دے دے گی، عدالت نے مزید سماعت 26 جنوری تک ملتوی کردی۔