بدین(نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی ضلع بدین کے امیر سیدعلی مردان شاہ نے کہا ہے کہ بدین ضلع میں سخت سردی کے باعث متعدد شہروں میں یومیہ سوئی گیس کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو کھانا پکانے میں سخت دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے، سوئی سدرن گیس کمپنی کے عملے نے گیس لائن کی فنی خرابی کا جواز بناکر شہریوں کو پریشان کیا جاتا ہے یومیہ کھانے کے اوقات میں بدین ضلع کے مختلف شہروں شادی لارج، کھوسکی، تلہار ، بدین اور پنگریوسمیت دیگر شہری اور دیہی علاقوں میں گیس کم کرکے شہریوں کو پریشان کیا جارہا ہے جو کہ شہریوں کے ساتھ ناانصافی اور ظلم کی انتہا ہے۔ انہوں نے کہا کہا کہ کھانا وقت پر تیار نہ ہو نے کی وجہ سے اکثر بچے بھوکے سونے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ شہر بھر میں لوگ احتجاج کررہے ہیں لیکن سوئی گیس کے افسران مسئلہ حل کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتے روزانہ غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گیس کی عدم فراہمی روزانہ کی بنیاد پر معمول بن گئی ہے۔ انہوں حکام بالا سے مطالبہ کیا ہے کہ بدین ضلع میں گیس کی فراہمی فوری طور پر بحال کرکے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کرے اورشہریوںکی پریشانی دور کی جائے۔