سکھر( نمائندہ جسارت)بلدیہ اعلیٰ سکھر کی جانب سے بلدیہ کی اراضی اور ملکیت پر قائم مارکیٹوں اور دکانوںاور اسٹالز کی نیلامی کے خلاف وکٹوریہ مارکیٹ ایسوسی ایشن، گھنٹہ گھر دکاندار یونین سکھر،کلاک ٹاور مارکیٹ،مہران مرکز یونین مینارہ مارکیٹ، بلدیہ کمپلیکس اور دیگر ایسوسی ایشنز اور مارکیٹس کے دکاندار اور محنت کش سراپا احتجاج بن گئے، وکٹوریہ مارکیٹ ایسوسی ایشن کے صدر حاجی شمس الرحمن عرف ملنگ بابا کمبوہ کی قیادت میں گھنٹہ گھر چوک پر تیسرے روز بھی احتجاجی مظاہرہ کیا اور بلدیہ اعلیٰ سکھر سمیت سکھر انتظامیہ کی مبینہ زیادتی کے خلاف نعرے بازی کی۔ اس موقع پر مظاہرین کا کہنا تھا کہ میونسپل کارپوریشن سکھر کی طرف سے مارکیٹس،پلازے،دکانوں اور اسٹالز کے کرائے پر نیلامی کا اخباروں میں نوٹس شائع ہواہے جو بدنیتی پر مبنی ہے،حقیقت یہ ہے کہ وکٹوریہ مارکیٹ اور دیگر شاپنگ سینٹرز کا کرایہ ہم با قا عدگی کے ساتھ میونسپل کارپوریشن کو دے رہے ہیں اور اداروں کو غلط بیانی کرکے ایک سازش کے تحت ہمارے خلاف کارروائی کی جارہی ہے جس کی ہم مذمت کرتے ہیں،یکطرفہ کارروائی سے انصاف کے بنیادی اصول پامال ہو رہے ہیں۔انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان،چیف جسٹس آف سندھ ہائی کورٹ،وزیر اعلیٰ سندھ اور وزیر بلدیات سے اپیل کی ہے کہ فوری غیر قانونی نیلامی کا نوٹس واپس لیا جائے اور عدالتی احکامات اوپن Spacesاور اوپن پلاٹس کے متعلق آرڈر پر عمل درآمد کرایا جائے اور غیر قانو نی نیلامی نوٹس شائع کرانے والے میونسپل افسران کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے اور دکانداروں کو خود کشی سے بچایا جائے۔