کراچی :بلاول ہاؤس کے قریب چینی باشندوں پر بم حملہ ناکام

459

کراچی (اسٹاف رپورٹر) چینی باشندوں کے خلاف دہشت گردی کی کارروائی ناکام بنادی گئی، بلاول ہاؤس چورنگی کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان نے چینی شہریوں کی گاڑی پر مقناطیسی بم چسپاں کیا، تاہم گاڑی میں موجود غیر ملکی شہریوں نے خطرے کو بھانپتے ہوئے فوراً گاڑی ایک طرف کھڑی کرکے پولیس کو اطلاع دی،پولیس نے فوری پہنچ کر چینی عملے کو محفوظ کیا اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کیا جس نے موقع پر پہنچ کر بم ڈیوائس کو ناکارہ بنادیا۔پولیس کے مطابق چلتی ہوئی گاڑی میں میگنٹ بم چپکایا گیا تھا، مذکورہ گاڑی میں غیر ملکی سوار تھے، جنہیں محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے اور ان سے تفتیش کی جا رہی ہے۔ اس ضمن میں ایس ایس پی ساؤتھ زبیر نذیر نے بتایا بم لگ بھگ ایک کلوگرام وزن کے برابر بم کا ریموٹ کے ذریعے دھماکا کرنا تھا مگر تکنیکی خرابی کی وجہ سے بم پھٹ نہیں سکا۔ انہوں نے بتایا کہ چینی ریسٹورنٹ کے عملے کی جانب سے بروقت اطلاع دیے جانے پر دہشت گردی کی ممکنہ بڑی کارروائی ناکام بنا دی گئی۔ پولیس کے مطابق گاڑی چائنا ٹاؤن ریسٹورنٹ کی ملکیت ہے اور اس میں سوار افراد چائنا ٹاون ریسٹورینٹ کے ملازمین تھے۔پولیس نے گاڑی میں بم نصب کرنے والے ملزمان کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی جس میں موٹر سائیکل پر سوار 2 ملزمان کو گاڑی پر بم نصب کرتے اور فرار ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔