چشمہ رائٹ کینال منصوبے میں تاخیر برداشت نہیں کرینگے ‘ پرویز خٹک

725

اسلام آباد(آن لائن)وزیر دفاع اور چشمہ رائٹ بینک کینال کے حوالے سے اسٹیرینگ کمیٹی کے چیئرمین پرویز خٹک نے کہا ہے کہ چشمہ رائٹ بینک کینال اور پشاور ڈی آئی خان موٹر وے سمیت اقتصادی راہداری میں شامل منصوبوں کوجلداز جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے ہنگامی بنیاووں پر اقدامات شروع کیے جائیں۔انہوںنے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اس سلسلے میں فزیبیلٹی رپورٹس جلد از جلد تیار کی جائیں، اس میںکسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ پیر کو پارلیمنٹ ہائوس میں اقتصادی راہداری کے منصوبوں کے حوالے سے اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس وزیر دفاع پرویز خٹک کی سربراہی میں منعقد ہوا۔اجلاس میں سیکرٹری پلاننگ اور سیکرٹری آبی وسائل کی عدم حاضری پر وزیر دفاع پرویز خٹک نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اتنے اہم اجلاس میں سیکرٹریز کی عدم شرکت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ اگر وفاقی وزرااور کمیٹی کے دیگر ارکان موجود ہوسکتے ہیں تو سیکرٹریز کو بھی اجلاس میں آنا ہوگا۔اس موقع پر وزارت منصوبہ بندی کے حکام نے بتایاکہ سیکرٹری پلاننگ بیمار ہیں،وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کریں گے۔ اس موقع پر کمیٹی کو متعلقہ حکام نے چشمہ رائٹ کینال کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ اس منصوبے کی پہلی فزیبیلٹی 1995ء میں بنائی گئی تھی اور اب دوبارہ فزیبیلٹی کے لیے کنسلٹنٹ مقرر کیا جائے گا ،جس پر چیئرمین کمیٹی نے کہاکہ یہ انتہائی اہم منصوبہ ہے اور اس میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی ۔انہوںنے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ چشمہ رائٹ بینک کینال منصوبے کی فزیبیلٹی 9 ماہ میں بنائیں تاکہ منصوبہ شروع کریں ۔