لاڑکانہ، دوران علاج نوجوان کی موت پر ورثا کا احتجاج

297

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ شہر کے اولڈ ٹینک چوک کے رہائشی نوجوان صدام سولنگی کو ورثا کی جانب سے دل میں تکلیف کے باعث چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کیا، جہاں دوران علاج نوجوان دم توڑ گیا، جبکہ ورثاء کی جانب سے ڈاکٹروں اور عملے پر غفلت برتنے کا الزام لگاتے ہوئے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر متوفی نوجوان کے بھائی عبدالرشید سولنگی نے ورثاء کے ہمراہ صحافیوں کو بتایا کہ میرے بھائی صدام کو صبح کے وقت اچانک دل میں تکلیف ہوئی، جسے فوری طور پر چانڈکا اسپتال کے شعبہ حاثات منتقل کیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ وارڈ میں ڈاکٹروں اور عملے نے غفلت اور لاپروائی کا مظاہرہ کرکے بھائی کو غلط انجکشن دی، جس کے باعث بھائی جان کی بازی ہار گیا۔ انہوں نے بتایا کہ اسپتال میں کسی قسم کی کوئی بھی طبی سہولیات نہیں، یہاں صرف مریضوں کے لواحقین کو تنگ کرکے ان سے پیسے بٹورے جاتے ہیں جبکہ علاج کے بہانے ہزاروں روپے کی ادویات پرائیویٹ میڈیکل اسٹورز سے منگوا کر زیادتی کی جاتی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بھائی کے قتل کا مقدمہ غفلت اور لاپروائی کرنے والے ڈاکٹروں اور عملے کیخلاف درج کرکے انصاف فراہم کیا جائے۔ دوسری جانب اسپتال انتظامیہ کی جانب سے یقین دہانی پر ورثاء نے احتجاج ختم کرکے لاش گھر منتقل کردی۔