فیصل آبا (اے پی پی )فیصل آباد چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری میں جدید نالج مینجمنٹ سینٹر قائم کرنے کا اعلان کیا گیاہے جبکہ چیمبرکے سینئر نائب صدر چوہدری طلعت محمود نے کہاہے کہ صنعت و تجارت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے فیصل آباد چیمبر اور متعلقہ تعلیمی اور تحقیقی اداروں کے درمیان روابط کو مستحکم بنیادوں پر فروغ دیا جائے گا اور ممبران کی آگاہی کے لیے سیمینار، تربیتی ورکشاپس اور سمپوزیم بھی منعقد کیے جائیں گے۔ وہ چیمبر کی قائمہ کمیٹی برائے انڈسٹری، اکیڈیمیا، لینکجز، پالیسی ایڈووکیسی اور نالج مینجمنٹ کے دوسرے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر حبیب اسلم گابا کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ انہیں یقین ہے کہ وہ اپنی مثالی اور پیشہ وارانہ کارکردگی کی وجہ سے نہ صرف چیمبر کے ممبران کے لیے آسانیاں پیدا بلکہ ملکی اور عالمی سطح پر فیصل آباد چیمبر کے نام کو بھی روشن کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ آئندہ بھی اس قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کریں گے تاکہ انہیں معلوم ہو سکے کہ یہ کمیٹی کتنا شاندار فریضہ سر انجام دے رہی ہے۔