سکھر ،شہری اتحاد کا مہنگائی اور بیروزگاری کیخلاف احتجاج

137

سکھر (نمائندہ جسارت) شہری اتحاد ضلع سکھر کے زیر اہتمام ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، بے روزگاری، پیٹرولیم مصنوعات، اشیا خورونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کیخلاف شہریوں کی بڑی تعداد نے ریڑھی پر سبزیاں رکھ کر قریشی گوٹھ چوک پر انوکھا احتجاجی مظاہرہ کیا اور وفاقی حکومت کیخلاف نعرے بازی کی۔ مظاہرے کی قیادت شہری اتحاد ضلع سکھر کے چیئرمین مولانا عبید اللہ بھٹو، حبیب اللہ انصاری، سید عمران علی شاہ، وزیر علی بروہی، عبدالرشید چنا، قدرت اللہ بروہی، نصر اللہ و دیگر کررہے تھے۔ اس موقع پر مذکورہ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ عمران حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے، آئے روز ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عوام سے جینے کی امنگ تک چھین لی ہے، عوام کی چیخ و پکار بھی موجودہ حکومت کو سنائی نہیں دے رہی ہے، ایسا لگتا ہے عمران حکومت عوام کا معاشی قتل عام کرنے پر تلی ہوئی ہے۔ ملک کے غریب اور مظلوم عوام دوہرے عذاب کی زندگی بسر کررہے ہیں، پیٹرول، بجلی، گیس سمیت سبزی، اشیاء خورونوش کی قیمتوں نے غریب عوام سے جینے کا حق تک چھین لیا ہے۔ رہنماؤں نے چیف جسٹس پاکستان سمیت حکومت وقت کے ذمے داروں سے بڑھتی ہوئی مہنگائی کا نوٹس لے کر عوام کو ریلیف فراہم کرنے کا پر زور مطالبہ کیا ہے۔