لاہور کے عوام نے نہ آر کیا نہ پار ،بس پی ڈی ایم کو لاچار کیا، شاہ محمود

283

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈ یسک)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ لاہور کے عوام نے نہ آر کیا، نہ پار کیا ، بس پی ڈی ایم کی قیادت کو لاچار کیا۔ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم )کے مینار پاکستان میںہونے والے جلسے پر تبصرہ کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ لاہور کے باشعور باسیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے جلسے میں شرکت نہ کر کے پی ڈی ایم کے بیانیے کو مسترد کیا۔ان کا کہنا تھا کہ ملتان میں بھی اگر پی ڈی ایم اسٹیڈیم کے اندر جلسہ کرتی تو ان کے دعوں کی قلعی کھل جاتی۔11 جماعتوں پر مشتمل لٹیروں کے قافلے کو پاکستان کے عوام نے ایک بار پھر مسترد کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام پاکستانی میڈیا نے واضح طور پر دکھایا کہ جلسے کی راہ میں نہ تو کوئی رکاوٹیں کھڑی کی گئیں اور نہ ہی کسی کو جلسے میں شرکت سے روکا گیا۔شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ اہلیان لاہور نے جس طرح پی ڈی ایم ٹولے کو مسترد کیا وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ پشاور، کراچی، ملتان اور اب لاہور کے ناکام جلسوں کے بعد پی ڈی ایم ٹولے کی سیاست ختم ہوتی نظر آ رہی ہے۔