محسود قبائل کا گرینڈ جرگہ، علیحدہ ضلع اور حدود کے تنازع کے حل پر اتفاق

330

ڈیرہ اسماعیل خان (صباح نیوز) جنوبی وزیرستان ڈی سی کمپاؤنڈ ٹانک میں محسود قبائل کا گرینڈ جرگہ، محسود قوم کیلیے علیحدہ ضلع جس کا ہیڈ کوارٹر اسپین کئی راغزئی پر بنانے اور محسود قوم کی حدود پر جاری تنازع کو کمیشن اور مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر اتفاق، جرگے نے فیصلہ کیا کہ محسود قوم کو درپیش مسائل کے حل کیلیے بہت جلد قوم کے عمائدین، ریٹائرڈ بیوروکریٹس، اعلیٰ حکام جن میں وزیراعظم پاکستان، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا، چیف آف آرمی اسٹاف، کور کمانڈر پشاور اور آئی جی ایف(ساؤتھ) شامل ہیں سے ملاقاتیں کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق ڈی سی کمپاؤنڈ ٹانک میں محسود قوم کے گرینڈ جرگے میں قبائلی عمائدین، ریٹائرڈ بیوروکریٹس نے شرکت کی، شرکاء کا کہنا تھا کہ آپریشن راہ نجات کے دوران محسود قوم نے ملکی بقا اور سا لمیت کیلیے بے شمار قربانیاں دی ہیں، مگر محسود قوم آج تک مسائل سے دوچار ہے، حکومت کو چاہیے کہ قوم کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے۔ جرگے میں محسود قوم کیلیے علیحدہ ضلع جس کا ہیڈ کوارٹر اسپین کئی راغزئی پر بنانے اور محسود قوم کے حدود پر جاری تنازع کو کمیشن اور مذاکرات کے ذریعے سے حل کرنے پر محسود قوم کے عمائدین اور محسود افسران کی نمائندہ تنظیم نے اتفاق کیا۔ جرگے کے شرکا نے کہا کہ محسود امن پسند قوم ہے جو مسائل کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے اور علاقے میں ترقیاتی منصوبوں پر کام کرنے کی خواہاں ہے۔