راولپنڈی کے علاقے تھانہ گنج منڈی کے سامنے فلٹریشن پلانٹ کے قریب ہونے والے دھماکے میں 25 افراد کے زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ گنج منڈی کے قریب نامعلوم افراد دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے، دستی بم پھٹنے کے نتیجے میں ہونے والے دھماکے میں 25 افراد زخمی ہوگئے، جن میں سے 3 افراد کو موقع پر ہی طبی امداد دے کر بھیج دیا گیا جب کہ باقی 22 افراد کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا گیا۔ دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے افراد میں سے تین افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔
دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری، بم ڈسپوزل اسکوارڈ کا عملہ اور ریسکیو کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور عوام کے لئے راستے بند کردیئے گئے۔
ایس ایچ او تھانہ گنج منڈی کا کہنا ہے کہ دھماکا تھانے کے سامنے فلٹریشن پلانٹ کے قریب ہوا، دھماکے کے بعد جائے حادثہ کے قریب تمام علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے، جب کہ پولیس اور بم ڈسپوزل اسکوارڈ کا عملہ دھماکے کی نوعیت جاننے کی کوشش کررہے ہیں۔