ڈائیلاگ کا وقت گزر چکا، اب لانگ مارچ ہوگا، بلاول بھٹو

375

لاہور: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ڈائیلاگ شائیلاگ کا وقت گزر چکا، اب لانگ مارچ ہوگا، اسلام آباد پہنچ کر جعلی، نالائق وزیراعظم کا استعفے چھین کرر ہیں گے۔

مینار پاکستان گراؤنڈ میں پی ڈی ایم جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہید بھٹو نے پیپلزپارٹی کی بنیاد اسی شہر میں رکھی تھی، ضیا الحق کے تاریک دور میں پیپلزپارٹی کے جیالوں نے شہادت قبول کی، جیل کی صہوبتیں برداشت کیں، کوڑے کھائے لیکن ظلم کے آگے سر نہیں جھکایا، اس ملک کے نالائق حکمرانوں کو نہ عقل ہے نہ تاریخ کا علم ہ ، جب عوام تحریک کااس حدتک ساتھ دیتے ہیں توظلم کی زنجیریں کٹ جاتی ہیں،مہنگائی سے مارے لوگ ہمارے دست بازوبن گئے ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ گالم گلوچ اوردھمکی کے علاوہ ان کے دامن میں کچھ نہیں ہے،ان کے پاس ناعقل ہے اورناتاریخ کاعلم ہے،کٹھ پتلی اورجعلی حکمران گھرجانے والاہے ،آپ کاجوش وہمت دیکھ کرہمارے قدم اورتیز ہوجاتے ہیں،منزل نظر آتی ہے،یقین دلاتاہوں آپ کی جیت جلدہونے والی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جعلی،ناجائزاورنااہل حکمرانوں کے دامن میں جھوٹ کے سواکچھ نہیں،یہ ووٹ سے نہیں کسی اورکے اشارے سے اقتدارمیں آئے ہیں،لاہورکے مزدور،محنت کش بے سہارانہیں ہیں،پی ڈی ایم ان کیساتھ کھڑی ہے،روشنیوں کے شہرمیں  مایوسی کے اندھیرے ہیں، حکمرانوں میں سچ سننے کاحوصلہ نہیں ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ آج پاکستان میں تاریخی مہنگائی ہے، صنعت پر تالا پڑا ہوا ہے، جعلی حکومت کوناپنجاب کی فکرہے ناپاکستان کی عوام کی فکر ہے، لاہور کا مطالبہ ہے کہ شہباز شریف اور خورشید شاہ کو رہا کرو، ڈاکٹرز، نرسزاپنا حق مانگیں تو ان پر لاٹھیاں برسائی جاتی ہیں، قائد حزب اختلاف شہبازشریف، خورشید شاہ جیل میں ہیں۔

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی نے کہا کہ ہم سیاسی اختلافات ختم کرکے پی ڈی ایم پلیٹ فارم پر کھڑے ہیں، اب کوئی راستہ نہیں ہے، ڈائیلاگ شائیلاگ کا وقت گزر چکا ہے، اب لانگ مارچ ہوگا، اسلام آباد ہم آرہے ہیں، اسلام آباد پہنچ کر جعلی، نالائق وزیراعظم کا استعفے چھین کرر ہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اسلام آباد پہنچ رہے ہیں، رابطہ کرنا بند کرے، ہم سب لانگ مارچ کرکے اسلام آباد پہنچیں گے، کٹھ پتلی کو بھگائیں گے، ہم نے جانوں کی قربانی دی ہے،اس جمہوریت کی بنیادوں میں ہماراخون شامل ہے، عوام کیخلاف سازش ہوتی رہی، من پسند حکومتیں بنتی رہیں، اب کوئی راستہ نہیں ہے، ڈائیلاگ شائیلاگ کا وقت گزر چکا ہے۔