نوابشاہ (سٹی رپورٹر) جماعت اسلامی ضلع نوابشاہ نے بڑھتی ہوئی چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں پر پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان عائد کردیا۔ حکومت نام کی کوئی چیز نہیں، ضلعی انتظامیہ بڑھتی ہوئی چوری کی وارداتوں پر قابو اور مسروقہ اشیا برآمد کروائے۔ جماعت اسلامی کے ضلعی امیر سرور احمد قریشی اور نائب امرا کنور راشد مکرم، طارق جاوید آرائیں اور مولانا نور محمد جونو نے نوابشاہ، سکرنڈ اور باندھی سمیت ضلع بھر میں چوریوں کی واردات میں اچانک اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ پولیس حکام عوام کے جان ومال کے تحفظ کرنے میں ناکام ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوابشاہ کے مصروف علاقے لال بلڈنگ میں کھاد اور زرعی ادویات کے ڈیلر سے دن دہاڑے ڈکیتی کی واردات میں لاکھوں روپے لوٹ لیے گئے، اسی طرح سکرنڈ میں 15 گھنٹوں میں چوری کی 3 اور باندھی میں یو سی آفس آمرجی سے سولر پلیٹوں کی اور کونسلر محمد خان مغل کے باڑے سے پانی کی موٹر کی وارداتیں ہوئی ہیں اس کے علاوہ دیہات میں بھی لوگ جاگ کر اپنے مال مویشی کی حفاظت کرنے پر مجبور ہیں۔ جماعت اسلامی کے رہنمائوں نے اعلیٰ پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ شہروں اور دیہات میں پولیس گشت میں اضافہ کیا جائے اور امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنایا جائے۔