لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) اینٹی انکروچمنٹ جج لاڑکانہ عباس حیدر گاد نے ڈوکری تحصیل کے علاقہ بڈو واہن میں قدیمی قبرستان سے غیرقانونی قبضہ ختم کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔ اس سلسلے میں مدعی سید غلام شاہ کی جانب سے دائر کردہ درخواست پر اینٹی انکروچمنٹ جج لاڑکانہ عباس حیدر گاد نے ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ، اسسٹنٹ کمشنر ڈوکری اور مختارکار ڈوکری کو احکامات جاری کردیے ہیں کہ قدیمی قبرستان پر ہر قسم کے غیرقانونی قبضے ختم کرواکر وہاں ہر برادری سے تعلق رکھنے والے افراد کی میتوں کو دفنانے کو یقینی بنایا جائے جبکہ اخبارات میں اشتہار شائع کرکے عام لوگوں کو آگاہی دی جائے کہ غیرقانونی طور پر قبرستان کی زمین خریدی نہ جائے بصورت دیگر ایسے افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ جج نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ 20 روز کے اندر قبرستان سے تمام قبضے ختم کرکے اسے سرکاری تحویل میں لیتے ہوئے رپورٹ اینٹی انکروچمنٹ ٹریبونل کورٹ میں جمع کروائی جائے۔