کراچی(اسٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی کی رہنما نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ ریلوے کے مسافروں نے ڈھائی برس تک شیخ رشید کو بھگتا ہے، ملک کے تقریباً ہر ٹریک پر ریلوے کے حادثات ہوئے اور اب شیخ رشید کو وزیر داخلہ بنا دیا گیا ہے،اللہ خیر کرے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نفیسہ شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سی ای سی میٹنگ میں استعفے اسپیکر کو جمع کرانے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، صوبائی و قومی اسمبلی سے استعفوں کا حتمی فیصلہ پی ڈی ایم کی ہدایت پر کیا جائے گا۔نفیسہ شاہ نے کہا کہ سندھ کے ارکان آگے بڑھ کر اپنے استعفے دے رہے ہیں،سندھ حکومت نے اپنے ارکان کو استعفے دینے کی ہدایت کر دی ہے، اپوزیشن کے اتحاد کی وجہ سے حکومت کے چہرے پر ہوائیاں اڑی ہوئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت جلسے کے انتظامات کرنے والوں کے خلاف کریک ڈائون میں مصروف ہے اور اپوزیشن قائدین کے خلاف اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے، حکومت اپوزیشن کے جلسے دیکھ کر اب منتوں پر اتر آئی ہے۔رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ اپوزیشن پی ڈی ایم کے26نکات پر مکمل عملدرآمد کر رہی ہے، خان صاحب نے تمام مافیاز اپنے ارد گرد اکٹھے کر لیے ہیں، وہ اپنے ذاتی دوستوں کو وزارتیں دے کر نواز رہے ہیں۔نفیسہ شاہ نے کہا کہ عوام ہمارا ساتھ دیں اور اس جعلی حکومت کے خلاف احتجاج میں شریک ہوں۔انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ ہونا ہے لیکن صرف اس کے وقت کا تعین کیا جانا ہے، حکومت ہٹانے کے لیے ہر آئینی راستہ اختیار کریں گے۔