پی ڈی ایم کو واپسی کا راستہ نہیں ملے گا، شاہ محمود قریشی

233

ملتان(اے پی پی )وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم ٹولہ ہچکولے کھا رہاہے جسے واپسی کاراستہ نہیں ملنا، اپوزیشن جتنا مرضی شور مچا لے نو این آر او، لٹیروں کولوٹی ہوئی دولت کاحساب دینا ہوگا۔اپوزیشن غیر ملکی اشاروں پر ناچ رہی ہے،پی ڈی ایم استعفوں سمیت بہت سے معاملات میں اختلاف پایا جاتا ہے اور وہی سامنے آرہاہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ملتان میں اپنے حلقہ انتخاب کی مختلف یونین کونسلوں کے دورہ کے دوران تقریبا ت سے خطاب وفود سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا بھارت میں انسانی حقوق کیخلاف ورزی اور نہتے کشمیریوں پر ظلم پر بھارت کا گھنائونا چہرہ دنیا کے سامنے عیاں کردیا ہے۔ بھارت مقبوضہ جموں کشمیر میں عالمی قوانین عالمی انسانی حقوق عالمی قراردادوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہاہے۔ کشمیر کی آواز ایک خطے کی نہیں بلکہ عالمی آوازبن چکی ہے۔ بھارت جس عالمی فورم پر جائے گا وہاں اسے نہتے کشمیریوں کی آواز گونجتی دکھائی دے گی۔ عالمی برادری بھارت پر دبا ئوڈالے کہ وہ انسانی حقوق کی پاسداری کویقینی بنائے اور کشمیریوں کو جبر و استبداد سے نجات دلائے ۔قبل ازیں وزیر خارجہ نے ملتان میں مصروف دن گزارا ۔ انہوں نے اپنے حلقہ انتخاب کی مختلف یونین کونسلوں کا دورہ کیا مختلف تقریبات میں شرکت کی ۔