کارکن جانتے ہیں آمریت کا مقابلہ کیسے کرناہے، بلاول

324

لاہور(نمائندہ جسارت) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری نے کہا ہے کہ کارکن جانتے ہیں کہ آمریت کا مقابلہ کیسے کرنا ہے، پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے جمہوریت اورملک کے لیے فیصلہ کن جدوجہد کر رہے ہیں، تحریک کا نیا مرحلہ شروع اور تاریخ ساز جلسہ ہوگا،سلیکٹڈ حکومت کو اب گھر جانا ہوگا ،لانگ مارچ شروع ہوتے ہی حکومت بھاگ نکلے گی ۔ ہفتے کو بلاول زرداری نے لاہور میں استقبالیے سے خطاب کرتے ہوئے کہا لاہور کے جیالے پاکستان کے وہ سیاسی کارکن ہیں جنہوںنے ایوبی آمریت کو شکست فاش دی اور جمہوریت کی راہ میں آمر جنرل ضیاکے کوڑے کھائے اور جمہوریت کے لیے شہادتیں قبول کیں۔ پاکستان کی جمہوری جدوجہد میں لاہور کے پیپلزپارٹی کے جیالوں کا خون شامل ہے۔ یہ کارکن اچھی طرح جان چکے ہیں کہ آمریت کا مقابلہ کیسے کیا جاتا ہے، لانگ مارچ کیسے کیا جاتا ہے، ٹرین مارچ کیسے کیا جاتا اور بڑی بڑی قوتوں کو شکست کیسے دی جاتی ہے؟ ہم لاہور کے مزدوروں اور غریب عوام کو آواز مہیا کریں گے تاکہ وہ اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کر سکیں کہ اس ملک کی معاشی پالیسی کیا ہوگی اور اس ملک کا حکمران کون ہوگا۔ ہم اس سلیکٹڈ حکومت کو ہٹا کر عوامی حکومت بنائیں گے ۔اسلام ہمارا دین ہے، جمہوریت ہماری سیاست ہے، اسلامی مساوات ہماری معیشت ہے اور طاقت کا سرچشمہ عوام ہے۔