شادی لارج (نمائندہ جسارت) ایرانی ٹماٹر کی پاکستان درآمد کیخلاف آبادگاروں کا احتجاجی مظاہرہ اور دھرنا، ایرانی ٹماٹر کی درآمدگی سے ٹماٹر منڈی اور آبادگار سخت متاثر ہو رہے ہیں، عزیز اللہ ڈیرو۔ گزشتہ روز ضلع بچائو کمیٹی کی اپیل پر آبادگاروں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ آباد گاروں کا کہنا تھا کہ ایران کے ٹماٹر کی آمد سے مقامی چھوٹا بڑا آبادگار سخت متاثر ہورہا ہے، کیونکہ ایرانی ٹماٹر پاکستانی منڈی میں آنے سے پاکستانی ٹماٹر خاص طور پر سندھ کے ٹماٹر کا ریٹ گر گیا ہے جس سے مقامی آبادگاروں کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا ہے۔ آبادگاروں کا کہنا ہے کہ سندھ کا ٹماٹر افغانستان کی منڈیوں تک جاتا ہے جس سے سندھ کے آبادگاروں کو بے حد فائدہ ہوتا ہے لیکن حکومت کی پابندی کے باعث ان بیرونی منڈیوں تک مقامی ٹماٹر کی رسائی ممکن نہیں ہے، جس سے مقامی سندھ کا آبادگار سخت متاثر ہورہا ہے اور انہیں کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا جارہا ہے۔ آبادگاروں کا کہنا تھا حکومت ٹماٹر ایران سے درآمد کرکے آبادگاروں کی کمرتوڑ کر رکھ دی ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر ایرانی ٹماٹر کو روک کر مقامی آبادگاروں کو تباہ ہونے سے بچایا جائے۔