لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود احمد بنگش کی زیر صدارت لاڑکانہ پولیس کا اہم اجلاس ہوا جس میں ایس پی ہیڈ کوارٹر محمد کلیم ملک سمیت تمام ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔ اجلاس میں امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا جبکہ ریڈر ٹو ایس ایس پی لاڑکانہ سب انسپکٹر راشد خان پٹھان نے مجموعی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔اس موقع پر تمام ایس ایچ اوز نے فرداً فرداً اپنے اپنے تھانوں میں داخل مقدمات اور پراگریس بابت رپورٹس پیش کی۔ اجلاس کے دوران ایس ایس پی لاڑکانہ نے تمام ایس ایچ اوز کو سخت احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ6 سال کے اندر جتنے بھی قتل کے واقعات ہوئے ہیں ان مقدمات کی پروگریس رپورٹ پیش کی جائے، قتل جیسے سنگین مقدمات میں ملوث افراد کو ہر صورت قانون کی گرفت میں لایا جائے۔اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی ناقابل برداشت ہوگی۔اجلاس کے دوران ایس ایس پی لاڑکانہ نے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ مقدمات میں ملوث اشتہاریوں اور روپوشوں کی فہرست اخبارات میں شائع کرائی جائیں، ساتھ ہی ایسے ملزمان کے قومی شناختی کارڈ بھی بلاک کرائے جائیں تاکہ ان کے بینک اکائونٹس وغیرہ منجمند ہو سکیں۔ ایس ایس پی لاڑکانہ نے تمام پولیس افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سرگرم ملزمان کے خلاف گھیرا تنگ کرکے نتیجہ خیز کارروائیاں کی جائیں۔ اس موقع پر ایس ایس پی لاڑکانہ نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف ہر روز کی بنیاد پر چھاپا مار کارروائیوں کو مزید تیز کرنے کے بھی احکامات جاری کیے۔