کوئٹہ (نمائندہ جسارت) کوئٹہ میں متعین ایرانی قونصل جنرل حسن درویش وند نے کہا ہے کہپاکستان کی جانب سے بارڈر مارکیٹ کو حتمی شکل دینے کا انتظارکر رہے ہیں امید ہے کہ جلد اس سلسلے میں بھی پیش رفت ہوگی، اس ضمن میں ایران کی جانب سے تمام تر انتظامات مکمل ہوچکے ہیں، پاک ایران سرحد پر بارڈر مارکیٹ کے قیام سے دونوں ممالک کی تجارت کو فروغ ملے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو کوئٹہ پریس کلب کے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ ایرانی قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ ایران اور پاکستان کے تعلقات انتہائی قریبی، برادرانہ اور بہت پرانے ہیں۔