دنیا کی بڑی پارلیمان کشمیر میں انسانی حقوق کیلیے آواز اٹھائیں، شاہ محمود

203

اسلام آباد (اے پی پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ دنیا کی تمام بڑی پارلیمان کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر آواز اٹھانے کی ضرورت ہے۔ آج جمہوریت کے علمبردار، جمہوریت کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے پاکستان میں تعینات افغانستان کے نئے سفیر نجیب اللہ علی خیل نے ملاقات کی ، اس دوران مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں قیام امن کو خطے کے امن و استحکام کیلیے ناگزیر سمجھتا ہے، آج دنیا افغانستان میں قیام امن کیلیے پاکستان کی
مصالحانہ کاوشوں کو سراہا رہی ہے۔ جمعرات کو انسانی حقوق کے عالمی دن اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے حوالے سے بیان میں وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم ہیومن رائٹس کے عالمی ڈیکلریشن کو تسلیم کرتے ہیں لیکن آج بھارت کے غیر قانونی تسلط میں جموں و کشمیر میں اس ڈیکلریشن کا مذاق اڑایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019ء سے لیکر آج تک 101 خواتین کی اجتماعی آبروریزی ہوئی، 15 کے قریب خواتین بیوہ ہوئیں، بچوں کو پیلٹ گنز کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق سلب کر لیے گئے ہیں وہاں مکمل کمیونیکیشن بلیک آؤٹ ہے۔ بین الاقوامی میڈیا کو رسائی نہیں دی جا رہی ہے لیکن جو خبریں باہر آ رہی ہیں وہ تشویشناک ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے تمام ذمے داروں کو صورتحال سے آگاہ رکھنے کی کوشش کی ہے، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے صدر کو مسلسل صورت حال سے آگاہ رکھا۔