سیالکوٹ: وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے کورونا کے بڑھتے کیسز کے باوجود جلسے کرنے پر اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ وائرس کی پہلی لہر میں یہ مجھ پر تنقید کرتے تھے کہ حکومت مکمل لاک ڈاؤن کیوں نہیں کر رہی ہے۔
سیالکوٹ میں نجی فضائی کمپنی ایئر سیال کی لانچنگ کی تقریب اور بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِاعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ وائرس کو روکنے کا بہترین طریقہ لاک ڈاؤن ہےجبکہ اس میں یہ دیکھنا ہوتا ہےکہ آپ اپنی بزنس اور کاروبار کو بچاتے ہوئے لوگوں کو اس وبا سے کیسے محفوظ رکھیں اور اس وقت ملک میں کورونا کے کیسز بڑھ رہے ہیں۔
وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ سیالکوٹ ملکی ایکسپورٹ کاحب بننے جا رہا ہے اور نجی ایئر لائن سے پی آئی اے کی کارکردگی بہتر بنانے پر دباؤ بڑھے گا۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ وہی اپوزیشن جو پہلے مجھے مکمل لاک ڈاؤن نہ کرنے پر تنقید کا نشانہ بنا رہے تھے اور اب مودی کی مثال دے رہے تھے کہ انہوں نے پورا ملک بند کر دیا جبکہ خود آج کل جلسے جلوس کرتی پھر رہی ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ پہلےکی طرح احتیاط کی تو صنعت اور لوگوں کو بچا سکتے ہیں جبکہ لوگوں پر زور دیا کہ وہ ماسک پہننے کو یقینی بنائیں۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کی پالیسی ہےکہ ملک میں انڈسٹریلائشین ہو اور حکومت کی پالیسی ہےکہ جو علاقے پیچھے رہ گئے یا جو غریب ہیں ان کو اوپر اٹھایا جائے جبکہ آنے والے دنوں میں سیالکوٹ پاکستان میں ایکسپورٹ کا سب سے بڑا مرکز بننے جارہا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ کورونا کی دوسری لہر میں احتیاط نہ کی تویہ سردیاں بہت مشکل سےگزریں گی جبکہ مقامی حکومتی نظام کے تحت شہروں میں سٹی گورنمنٹ لا رہے ہیں اور اپریل کے بعد مقامی حکومتوں کے الیکشن کرائیں گے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ ملکی برآمدات کا مرکز بننے جا رہاہے اور ملک کی برآمدات بڑھانی ہیں اس کے لیے سیالکوٹ کی مدد کرنی ہے۔
دوسری جانب وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ یہ ہےکہ ہمارے ملک میں زرمبادلہ ذخائر نہیں ہیں اور وہ ملک ترقی نہیں کرسکتا جہاں چھوٹا طبقہ امیراور باقی غریب رہ جائیں۔
عمران خان نے کہا کہ چین نے 30 سال کے دوران نچلے طبقے کو غربت سے نکالا، پیچھے رہ جانے والے طبقے کو آگے لانے کی پالیسی بنانا ہو گی اور غربت سے نکالنے کے لیے ملکی دولت بڑھانا بہت ضروری ہے مگر جب ہم آئے تو ہمارے پاس پیسہ ہی نہیں تھا۔
وزیرِاعظم عمران خان نے کہا کہ ہمیں اپنی ایکسپورٹ بڑھانا ہو گی، اسمال اور میڈیم انڈسٹری سے نوجوانوں کے لیے روزگار فراہم کرنا ہو گا جبکہ اسمال اور میڈیم انڈسٹری کے لیئے رکاوٹیں دور اور آسانیاں پیدا کرنا ہوں گی، کاروباری طبقے کے تمام مسائل حل کرائیں گے۔
واضح رہے وزیرِاعظم عمران خان نے دورانِ تقریر شرکاء کو ماسک لگانے کی ہدایت بھی کی۔
خیال رہے وزیراعظم عمران خان آج سیالکوٹ کا دورہ کیا ہے جہاں انہوں نےنئی نجی فضائی کمپنی ایئر سیال کا افتتاح کردیا ہے۔