آکسیجن سلنڈر کی طلب میں اضافہ‘ پلانٹس مالکان نے بھی قیمت بڑھا دی

149

کراچی (رپورٹ: منیر عقیل انصاری) کراچی میں آکسیجن سلنڈرز کی طلب میں اضافے کے باعث مریضوں کو آکسیجن سلنڈرز کی قلت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ کراچی کے اسپتالوں میں کورونا کے مریضوں کا بوجھ بڑھنے کے بعد وائرس سے متاثرہ افراد کی بڑی تعداد اب گھروں میں ہی آکسیجن سلنڈرز استعمال کر رہی ہے جس کی وجہ سے طلب اور قیمتوں میں بھی اضافہ ہو چکا ہے۔ کراچی میں مختلف فلاحی ادارے کورونا کے مریضوں کو گھروں میں آکسیجن سلنڈرز اور دیگر آلات فراہم کر رہے ہیں۔ اس حوالے سے کراچی میں کام کرنے والے ایک فلاحی ادارے سے وابستہ عکاشہ تنویر انصاری نے جسارت سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کورونا وائرس کی پہلی لہر میں آکسیجن سلنڈرز کی قلت کا سامنا کرنا پڑا تھا لیکن گزشتہ15دنوں سے دوبارہ ایسی ہی صورتحال پیدا ہوگئی ہے‘ آکسیجن پلانٹس کے مالکان نے قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے جو سلنڈرز مکمل کٹ کے ساتھ پہلے 10 سے 12 ہزار روپے میں ملتے تھے اب وہ 15 ہزار روپے کے مل رہے ہیں اور سپلائی بھی تاخیر کا شکار ہے۔ ایک نجی اسپتال میں کام کرنے والے شخص نے اپنا نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ اسپتال میں آکسیجن سلنڈرز کی کمی کی وجہ سے صورتحال مزید سنگین ہوتی جا رہی ہے اور آکسیجن سپلائر نے قیمت میں بھی اضافہ کردیا ہے۔ الخدمت کراچی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر راشد قریشی نے کہا ہے کہ ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی کورونا کی دوسری لہر سے پیدا ہونے والی صورتحال تشویشناک ہے‘ آکسیجن سلنڈرز اور پلس اوکسی میٹر کی طلب میں بہت زیادہ اضافہ ہو گیا ہے‘ الخدمت کراچی کے مختلف اضلاع میں قائم دفاتر سے روزانہ کی بنیاد پر40 سے زاید آکسیجن سلنڈرز اور پلس اوکسی میٹر بغیر کسی معاوضے کے مریضوں کے اہل خانہ لے کر جا رہے ہیں اور اسی طرح اس کی واپسی بھی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے کے مقابلے میں آکسیجن سلنڈرز کی طلب بہت زیادہ بڑھ گئی ہے‘ہم سلنڈر وصول کرنے والوں سے صرف شناختی کارڈ کی کاپی وصول کرتے ہیں‘ ابھی الخدمت کراچی کے پاس آکسیجن سلنڈرز کا اسٹاک موجود ہیلیکن جس طرح اس کی طلب میں اضافہ ہوگیا ہے‘ آئندہ آنے والے دنوں میں ہمیں اس کی مزید ضرورت پڑ سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت کراچی روز اول سے عوام کو صحت اور علاج معالج کی بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے کام کر رہی ہے‘ گھروں پر قرنطینہ ہونے والے مریضوں کے لیے مخیر حضرات کے تعاون سے ہم مفت آکسیجن سلنڈر اور پلس اوکسی میٹر فراہم کر رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ضرورت مند افراد کسی بھی قریبی دفتر یا الخدمت کے کارکنان یا ذمے داران سے رابطہ کر کے آکسیجن سلنڈر اور پلس او کسی میٹر سمیت دیگر سامان مفت حاصل کر سکتے ہیں۔