اسد قیصر سے جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ کی ملاقات‘اہم امور پر گفتگو

174

اسلام آباد (اے پی پی) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبے کی تکمیل سے ملک میں ترقی اور خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا جس سے عوام کے معیار زندگی میں مثبت تبدیلیاں رونما ہوں گی اور روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سی پیک اتھارٹی کے چیئرمین جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ سے ملاقات میں کیا۔ اسد قیصر نے کہا کہ منصوبے کے تحت صوبہ خیبر پختونخوا میں جاری منصوبوں کی بروقت تعمیر وقت کی اہم ضرورت ہے، سی پیک سے تجارت کے ساتھ سفری سہولیات بھی میسر آئیں گی۔ ڈیرہ اسماعیل خان موٹر وے اور چشمہ رائٹ بینک کنال منصوبے کی تکمیل وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اسپیکر نے سی پیک اتھارٹی کی کارکردگی کو بھی سراہا۔ سی پیک اتھارٹی کے چیئرمین عاصم سلیم باجوہ نے اسپیکر کو سی پیک کے تحت جاری منصوبوں خاص طور پر خیبر پختونخوا میں جاری منصوبوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔