گرنے سے زرداری کے سرمیں چوٹ آئی، میڈیکل رپورٹ عدالت میں جمع

185

اسلام آباد (آن لائن) سابق صدر آصف علی زرداری کی طبیعت تاحال سنبھل نہ سکی، میگا منی لاڈرنگ کیس میں آصف علی زرداری نے طبی بنیاد پر حاضری سے استثنا کی درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کردی۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ طبیعت خرابی کی وجہ سے کل عدالت میں حاضر نہیں ہو سکتا۔اسلام آباد ہائیکورٹ میں کل سابق صدر آصف علی زرداری کی درخواست ضمانت سماعت کے لیے مقرر ہے تاہم آصف زرداری نے وکیل کے ذریعے اسلام
آباد ہائیکورٹ میں حاضری سے استثنا کے لیے جمع کرائی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ میں ضیا الدین اسپتال میں 22 نومبر سے داخل ہوں، طبیعت خرابی کی وجہ سے کل عدالت حاضر نہیں ہو سکتا، درخواست کے ساتھ عدالت میں جمع کرائی گئی میڈیکل رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آصف زرداری کو گرنے سے سر میں چوٹ آئی، سر میں سوجن اور سینے کے بائیں طرف درد کی شکایت بھی تھی۔ چلنے سے درد سینے سے بائیں بازو کی طرف بڑھ رہا تھا، کمرکے نچلے حصے میں کھنچاؤ اور درد کی شکایت بھی تھی۔ رپورٹ کے مطابق تفصیلی معائنے کے بعد معلوم ہوا کہ آصف زرداری کے آکسیپٹل میں خون جمع ہے، سابق صدر کا نیورو، آرتھوپیڈکل، اسپائنل سرجن نے معائنہ کیا، سابق صدر کے دماغ کا سی ٹی اسکین بھی کیا گیا جس کی بنیاد پر انہیں مزید سفر کرنے سے منع کیا گیا ہے۔