سانگھڑ :بلدیہ عملے کی غفلت ،زہریلی دوائی سے بچی جاں بحق

356

سانگھڑ (نمائندہ جسارت) سانگھڑ میونسپل عملے کی غفلت سے کتا مار زہر سے کم سن بچی جاں بحق، لواحقین کا ذمے داران کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ۔ پولیس مقدمہ درج کرنے سے گریز کررہی ہے۔ ورثاء کا تھانے کے گیٹ پر لاش رکھ کر احتجاج۔ بلدیہ ایڈمنسٹریٹر اور سی ایم او پر مقدمہ درج نہیں ہوسکتا، ڈی ایس پی سانگھڑ۔ گزشتہ روز بلدیہ اہلکاروں کی مبینہ غفلت آوارہ کتوں کو دی جانے والی زہر آلود مٹھائی شہمیر پننور کالونی کے علاقے میں پھینک دی گئی، جسے دس سالہ بچی کوثر نے زہر ملی مٹھائی خود بھی کھائی اور اپنی ماں کو بھی مٹھائی دی، مٹھائی کھانے پر ماں بیٹی کی حالت غیر ہوئی تو اہل محلہ نے دونوں کو اسپتال پہنچایا۔ اسپتال انتظامیہ نے دونوں مریضوں کو نوابشاہ منتقل کیا، منتقل کرتے ہوئے راستے میں ہی دس سالہ بچی کوثر دم توڑ گئی جبکہ ماں موت اور زندگی کی جنگ لڑرہی ہے۔ واقعہ کو چوبیس گھنٹے گزر جانے کے باوجود پولیس نے مقدمہ درج نہیں کیا۔ ورثاء نے تھانے کے سامنے بچی کی لاش رکھ کر دھرنا دیا، بچی کے والد اور دیگر پنہور برادری نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ بلدیہ ایڈمنسٹریٹر، سی ایم او، سینیٹری ورکر کی مبینہ غفلت کی وجہ سے ہمارا جانی نقصان ہوا، تینوں ذمے داران پر مقدمہ درج کیا جائے۔