ملتان(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) میں مریم نواز اور شہباز شریف کا الگ الگ موقف ہے جبکہ پی ڈی ایم بھی استعفوں کے معاملے پر الجھن کا شکار ہے،پی ڈی ایم سے کرپشن کیسز اور این آر او کے سوا تمام معاملات پر مذاکرات کے لیے تیار ہیں ۔ ملتان میں پریس کانفرنس میں انہوں نے ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اموات صفر کی سطح تک آگئی تھیں لیکن اب ایک مرتبہ پھر 50 سے 76 سے قریب اموات یومیہ ہورہی ہیں اور یہ کہہ دینا کہ یہ ایک مسئلہ نہیں ہے حقائق سے آنکھ چرانے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری اپیل ہوگی کہ آپ اپنے فیصلوں پر نظرثانی فرمائیں اور میڈیا آگاہی میں اپنا کردار ادا کرے جس طرح پہلے کیا تھا اور وہ کافی موثر تھا۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے متفقہ فیصلہ کیا ہے کہ ہم نے ان کی سرگرمیوں کو زبردستی نہیں روکنا، تلقین کرنی ہے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اس وقت بھی ملک میں صحت کی ہنگامی صورتحال نافذ ہے، یا تو آپ یہ کہیں کہ ڈاکٹرز اور ماہرین، این سی او سی کی کمیٹی میں مشاورت کے بعد جو ہدایات دی جاتی ہیں وہ غلط ہے، سندھ میں آپ جو اسمارٹ لاک ڈائون کر رہے ہیں اس کی ضرورت نہیں ہے، اگر نہیں ہے تو پھر یہ منطق سمجھ آتی ہے کہ آپ اسے تسلیم نہیں کر رہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ کسی کی گرفتاری میں میرا کوئی کردار نہیں اور اس بارے میں الزام تراشیاں بے بنیاد ہیں۔