ثقافت کی حفاظت کرنے والی قومیں ہمیشہ زندہ رہتی ہیں،زرداری

299

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سابق صدرپاکستان آصف زرداری نے یوم ثقافت کے موقع پر دنیا بھر میں بسنے والوں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہاہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے لوک ورثہ بنایا کہ ہماری ثقافت زندہ رہے ،اکیڈمی ادبیات کی بنیاد بھی بھٹو کا کارنامہ ہے ،پاکستان تمام شہریوں کی مادری زبان اور ثقافتوں کا گلدستہ ہے ،آصف زرداری نے کہاکہ اپنی ثقافت کی بقا کے لیے ضروری ہے شدت پسندی کی مزاحمت کی جائے، سندھ پیار محبت والوں کی دھرتی ہے اور حملہ آوروں کی مزاحمت کی تاریخ کی وارث ہے ،اپنی تاریخ، زبان اور ثقافت کی حفاظت کرنے والی قومیں ہمیشہ زندہ رہتی ہیں۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے یوم ثقافت پر سندھ سمیت دنیا بھر میں رہنے والی سندھی عوام کو ثقافت کے دن کی مبارکباد دی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج کا دن اپنی ثقافت سے محبت اور دوسروں کی ثقافت کے احترام اور دنیا کی تمام تہذیبوں، زبانوں اور روایات کے احترام اور پیار کا دن ہے۔ مزید برآںسندھ کے وزیر اطلاعات ناصرحسین شاہ نے سندھی ثقافت دن کے موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ سندھ دھرتی اوراس کی ثقافت دنیامیں امن وسلامتی کی امین ہے، آج کے دن اپنی ثقافت کے ساتھ ساتھ سندھ کی تاریخ کو بھی سلام پیش کیا جائے۔ ناصرحسین نے کہا کہ پاکستان مختلف ثقافتوں سے جڑاخوبصورت گلدستہ ہے، پیپلزپارٹی اس گلدستے کی نگہبان اورضامن ہے۔