استور (اے پی پی) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان بیرسٹر خالد خورشید نے ضلع استور کے دورے کے موقع پر گدائی، پکورہ اور رٹو کے مقام پر عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان پاکستان کی تعمیر و ترقی کے ویژن کوعملی جامعہ پہنائیں گے اور گلگت بلتستان کی تقدیر بدل دیںگے‘ صوبے کے تمام اضلاع میں صحت کے حوالے سے سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں گے‘ اسپتالوں کو اپ گریڈ، روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے پرائیویٹ سیکٹر کی حوصلہ افزائی، توانائی، سیاحت اور معدنیات جیسے اہم شعبوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اداروں میں میرٹ کو یقینی بنایا جائے گا‘ اسکولوں میں اساتذہ کی کمی دور کی جائے گی‘ ترقیاتی بجٹ اور وسائل میں اضافے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔