حکومت جلسوں سے نہیں مدت پوری ہونے پر ختم ہوگی،شاہ محمود قریشی

212

ملتان ‘اسلام آباد(آن لائن)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ جلسوں سے حکومت ختم ہونے کی آس لگانے والے انتظار کریں، تحریک انصاف کی حکومت جلسوں سے نہیں بلکہ آئینی مدت پوری ہونے پر ختم ہو گی،پی ڈی ایم جماعتیں ملک میں افراتفری اورانتشار پھیلانا چاہتی ہیں،ملتان میں جلسے کے بعد خطرناک حد تک کورونا کیسز میں اضافہ ہوا،انسانی زندگیوں سے کھیلنے والے سیاستدان لوگوں کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے۔ملتان میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ تحریک انصاف نے بوسیدہ اور کرپٹ نظام کوختم کیا، پی ڈی ایم سے ملکی ترقی اور تبدیلی ہضم نہیں ہو رہی، پی ڈی ایم میں شامل سیاست دان دراصل ملکی ترقی کے دشمن ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز پر انتہائی تشویش ہے، انسانی زندگیوں سے کھیلنے والے سیاست دان عوام کے خیر خواہ کس طرح ہو سکتے ہیں۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ جلسوں سے حکومت ختم ہونے کی آس لگانے والے انتظار کریں، تحریک انصاف کی حکومت جلسوں سے نہیں بلکہ آئینی مدت پوری ہونے پر ختم ہوگی، پی پی ن لیگ کو اپنی مقبولیت کااندازہ گلگت بلتستان کے انتخابات سے ہو جانا چاہیے تھا۔وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں ملک میں افرا تفری پھیلانا چاہتی ہیں، پی ڈی ایم جماعتیں غیر ملکی طاقتوں کے اشاروں پر چل رہی ہیں۔سی پیک سے متعلق انہوں نے کہا کہ ہمارا اوراس خطے کا مستقبل سی پیک سے جڑا ہے، ہم سی پیک منصوبے کی حفاظت کریں گے اور ان منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔کشمیر سے متعلق شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم آئندہ بھی ہر فورم پر کشمیریو ں کے جائز حق خود ارادیت کا مقدمہ لڑتے رہیں گے۔علاوہ ازیں ایک بیان میںوزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وزیر اعظم سیٹیزن پورٹل کے 2 سال مکمل ہونے پر مبارکباد دیتے ہوے کہا کہ عمران خان نے عوام الناس کو انصاف کی فراہمی ان کی دہلیز پر مہیا کرنے کا وعدہ’’وزیر اعظم سیٹیزن پورٹل‘‘ کے ذریعے پورا کیا ۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا یہ وہ تبدیلی ہے جس کا وعدہ وزیر اعظم عمران خان اور تحریک انصاف نے قوم کے ساتھ کیا تھا۔