اسلام آباد ( آن لائن ) وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن اورمریم نواز اپنی سیاست چمکانے کے لیے لاشیں گرانا چاہتے ہیں‘سابق وزیراعظم نواز شریف کی واپسی کا معاملہ برطانوی حکومت کے سامنے رکھ دیا‘ امید ہے کہ
نوازشریف کو جنوری کے آخر تک واپس بھیجنے کا فیصلہ کر لیا جائے گا‘ اسحق ڈار نے تو بے شرمی اور ڈھٹائی میں پی ایچ ڈی کی ہوئی ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان سے پیسے لوٹ کر لندن میں سرمایہ کاری سے برطانوی حکومت کی بھی سبکی ہو رہی ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن اور مریم نواز سسٹم سے باہر ہیں‘ صرف اس کے لیے وہ تصادم چاہتے ہیں اور 2 کلو گوشت کے لیے پوری گائے ذبح کرنے کو تیار ہیں ‘ یہ چاہتے ہیں لاشیں گریں‘ لوگ زخمی ہوں ‘ تشدد ہو جس سے ان کی سیاست کو فائدہ پہنچے جب کہ موجودہ صورتحال میں اپوزیشن کے جلسے حکومت کے لیے مشکل مرحلہ ہے کیوں کہ حکومت ایک طرف پابندیاں نہیں لگانا چاہتی تو دوسری طرف کورونا پھیلنے کا بھی خدشہ ہے‘حزب اختلاف کو جلسے جلوس سے روکتے ہیں تو میڈیا پر تصادم کے مناظر چلتے ہیں۔