لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ میں احساس کفالت ایمرجنسی سینٹر میں امدادی رقم کی تقسیم میں خورد برد جاری، میڈیا کی نشاندہی پر انتظامیہ حرکت میں آگئی، مزید 7 ایجنٹ گرفتار، موبائل فون، ڈیوائسز اور نقدی برآمد کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا۔ لاڑکانہ شہر کے مختلف علاقوں میں قائم احساس کفالت پروگرام کے تحت سینٹر پر مستحق خواتین کا گزشتہ روز بھی رش رہا، جہاں بڑی تعداد میں خواتین نے پہنچ کر 12 ہزار روپے امدادی رقم وصول کی تاہم چند سینٹرز پر خواتین کی جانب سے امدادی رقم میں سے 500 سے ایک ہزار روپے تک کی کٹوتی کی شکایات پر انتظامیہ حرکت میں آئی جبکہ شہر کے تھانہ رحمت پور کی پولیس نے گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول بھینس کالونی میں واقع سینٹر پر کارروائی کرتے ہوئے 7 ایجنٹوں میر بگھیو، عرفان کھوسو، عبدالغفور سومرو، آکاش علی، عبدالفتاح، جاوید چانڈیو اور فرمان علی کو گرفتار کرکے موبائل فون، ڈیوائس اور نقدی برآمد کرکے لاک اپ کردیا، جس کیخلاف مقدمہ بھی درج کیا گیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے، جن کے قبضے سے موبائل فونز، ڈیوائسز اور نقدی بھی برآمد کرلی گئی ہے۔