کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ اسمبلی کے اجلاس میں سابق وزیراعظم میرظفراللہ جمالی، رکن سندھ اسمبلی جام مدد علی خان، سابق وزیر مملکت فقیر جادم منگریو،سابق صوبائی وزیر عادل صدیقی،سابق وزیر اعظم نواز شریف کی والدہ ، علامہ خادم حسین رضوی اور وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی راشد ربانی کے انتقال پر ان کے لیے دعائے مغفرت اور فاتحہ خوانی کی جبکہ صوبائی وزیر پارلیمانی امور مکیش کمار چائولہ کے چچا کے انتقال پر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ ایوان نے
رکن اسمبلی جام مدد علی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک قرارداد بھی منظور کرلی۔اجلاس اسپیکر آغا سراج درانی کی زیر صدارت ایک گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا۔کورونا وائرس کے سبب بیشتر ارکان ایوان سے غیرحاضررہے۔صورتحال کی سنگینی کے باعث بعض صوبائی وزرا بھی ایوان کی کارروائی میں شریک نہیں ہوئے تاہم ایوان کے معمر ارکان سابق وزیر اعلیٰ قائم علی شاہ، اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی اجلاس میں شریک تھے۔