اسلام آباد(آن لائن )وفاقی وزیر مواصلات و پوسٹل سروسز مراد سعید نے کہا ہے کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی میں ای بڈنگ سسٹم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے جس سے اتھارٹی کے منصوبوں کو ایوارڈ کرنے میں شفافیت پیدا ہو گی،بولی دھندگان کو پروکیورمنٹ کے عمل میں یکساں رسائی حاصل ہو گی۔ انہوں نے یہ بات نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے مرکزی دفتر میں ای بڈنگ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وفاقی سیکرٹری مواصلات ظفر حسن، چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی کیپٹن(ر) سکندر قیوم، وزارت مواصلات اور این ایچ کے سینئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ مراد سعید نے کہا کہ ای بڈنگ کا آغاز بہت حوصلہ افزا ہے ، نیشنل ہائی وے منصوبوں کی مالیت اربوں روپے ہوتی ہے، ہماری کوشش ہے کہ منصوبوں کو پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کی بنیاد پر آگے بڑھایا جائے۔