اسد عمر کی زیر صدارت اجلاس،کے فور منصوبے پر غور

193

اسلام آباد(اے پی پی)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی اور خصوصی اقدامات اسد عمر کی زیر صدارت گریٹر کراچی واٹر سپلائی پروجیکٹ (K-IV)میں پیشرفت پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے اجلاس منعقد کیا گیا ۔ جمعرات کو ہونے والے اجلاس میں ایم این اے نجیب ہارون ، چیئرمین واپڈا ، چیئرمین ، پی اینڈ ڈی حکومت سندھ ، وزارت آبی وسائل اور سینئر عہدیداروں نے شرکت کی۔چیئرمین واپڈا نے منصوبے کی فزیکل اور مالی پیشرفت ، منصوبے سے وابستہ امور
اور منصوبوں پر عمل درآمد کے لیے ضروری فیصلوں سمیت تفصیلی انتظامات سے متعلق اجلاس کو آگاہ کیا ۔ فیصلہ کیا گیا کہ ایکسی کیوشن ایجنسی کی تبدیلی کی سمری ایکنیک کو بھیجی جائے گی تاکہ واپڈا باضابطہ طور پر اس پروجیکٹ کو سنبھال سکے۔ میٹنگ میں واپڈا کو تکنیکی معاملات پر نظرثانی کرنے اور حتمی فیصلے کے لیے آگے بڑھانے کے لیے جلد سے جلد کسی مشیرکی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت کی گئی۔ اجلا س میں واپڈا کو گو ہیڈ دے دیا گیا کہ وہ کنسلٹنٹ کو جلد از جلد ہائیر کر کے ٹیکنیکل معاملات پر نظرثانی کر کے حتمی رائے دے جس پر ریوائزڈ پی سی ون بنے گا ۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ کراچی میں پانی کی شدید کمی ہے اس لیے اس منصوبے کو تیزی کے ساتھ مکمل کرنے کی ضرورت ہے اور اس میں شامل تمام ایجنسیاں اس منصوبے کو ترجیحی بنیاد پر مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔