اسلام آباد(اے پی پی/آن لائن)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان، مسلم امہ کے اتحاداور استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہیگا،اسلاموفوبیا کیخلاف پاکستان نے قرارداد پیش کرکے1.8ارب مسلمانوں کے جذبات کی ترجمانی کی جسے متفقہ طور پر
منظور کیا گیا۔شاہ محمود قریشی نے او آئی سی رکن ممالک کے سفرا کو او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے47ویں اجلاس کے حوالے سے وزارتِ خارجہ میں بریفنگ میں بتایا کہ پاکستان مسلم امہ کو درپیش مسائل کے حل کے لیے او آئی سی کو انتہائی اہم فورم سمجھتا ہے۔ انہوں نے بتایا او آئی سی اجلاس میں اسلاموفوبیا، فلسطین،روہنگیا، مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال ،نیگرونو کاراباخ ،افغانستان اور او آئی سی کی نان ممبر ریاستوں میں مسلمانوں کے ساتھ بطور اقلیت ناروا سلوک پر گفتگو ہوئی۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ او آئی سی نے متفقہ طور پر بھارتی یکطرفہ اقدامات کو مسترد کیا اورغیر کشمیریوں کو ڈومیسائل کے اجرا کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا جو انتہائی خوش آئند ہے۔علاوہ ازیںوزیر خارجہ نے کویت کے سفیر ناصر المطیری سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان زراعت ، خوراک کے تحفظ اور انفراا سٹرکچر کی ترقی سمیت متعدد شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔پاکستان کویت کے ساتھ اپنے بہترین سیاسی روابط کو مضبوط اقصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کا خواہاں ہے۔