میر ظفر اللہ کی میت آخری رسومات کیلئے آبادئی علاقے روانہ کردی گئی

809

سابق وزیر اعظم میر ظفر اللہ جمالی کی میت راولپنڈی سے جیکب آباد ایئر پورٹ سے روجھان جمالی کے لیے روانہ کردی گئی۔

خاندانی ذرائع کے مطابق میر ظفر اللہ جمالی کی نمازِ جنازہ آج شام 4 بجے روجھان جمالی میں ادا کی جائے گی۔ ظفر اللہ جمالی کو ان کے آبائی علاقے ڈیرہ مراد جمالی میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

گزشتہ روز میر ظفر اللہ خان جمالی دل کے عارضے کے باعث انتقال کرگئے تھے۔ سابق وزیر اعظم کو طبیعت خراب ہونے پر راولپنڈی کے آرمڈ فورسز انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی ( اے ایف آئی سی) میں داخل کیا گیا تھا جہاں انہیں طبیعت بگڑنے پر وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا تھا۔

سابق وزیراعظم کو رواں سال مئی میں بھی کورونا ہوا تھا، اس کے علاوہ وہ گردوں کی بیماری اور عارضہ قلب میں بھی مبتلا تھے۔

میر ظفر اللہ خان جمالی یکم جنوری 1944ء کو پیدا ہوئے۔ ان کا تعلق ضلع نصیرآبادکے علاقے روجھان کے سیاسی خانوادے سے تھا۔ انہوں نے سیاسی کیریئرکا آغاز 1970ء میں پیپلز پارٹی سے کیا اور پہلی بار 1970 کے الیکشن میں حصہ لیا۔

میر ظفر اللہ جمالی وزیراعلیٰ، نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان بھی رہے۔ وہ 2 بار سینیٹ کے رکن بھی رہے۔میر ظفراللہ خان جمالی ملک کے 15 ویں وزیراعظم رہے ہیں، وہ 23 نومبر 2002ء سے 26 جون 2004ء تک وزیراعظم رہے۔

2013ء میں بھی رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے اور مسلم لیگ ن میں شامل ہوگئے، ن لیگ کو چھوڑ کر پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہوگئے تھے۔ وہ ہاکی کے بہترین کھلاڑی تھے اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بھی رہے۔