مریم نواز نے ملتان جلسے میں تاریخی خطاب سے وزارت عظمیٰ کیلیے کوالیفائی کر لیا

231

ٹنڈوالٰہیار(نمائندہ جسارت)پاکستان مسلم لیگ ن کے ضلعی سینئر نائب صدر محمد اکر م جٹ نے کہا ہے کہ مریم نواز نے ملتان جلسے میں تاریخی خطاب کر کہ وزارت عظمیٰ کے لیے کوالیفائی کر لیا، مریم نواز نے اپنے خطاب میں عوام کے مسائل کی نمائندگی کی اور حکومت کی نا اہلی اور ناکامیوں سے پاکستانی عوام کو آگاہی فراہم کی، مریم نواز ملک کی نڈر اور بلند حوصلہ خاتون ہیں جو پاکستان کی ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں کھڑا کرنے کا عزم لیکر چل رہی ہیں ، وہ دن دور نہیں جب پاکستان مسلم لیگ ن کی باصلاحیت اور شفاف قیادت کے سائے میں خوشحالی اور بہتری کی منازل طے کرے گا، پی ڈی ایم کے ملتان کے کامیاب جلسے نے حکومت کے قدم اکھیڑ دیے ہیں، اتنی رکاوٹوں اور مشکلات کے باوجود جلسے کی کامیابی حکومتی نااہلی اور عوا می عدا لت کے فیصلے کا ثبوت ہے ، پاکستان کے عوام میاں نوازشریف سے پیار کرتی ہے اور عوام جانتی ہے ن لیگی قیادت ہی مسائل کو حل کرسکتی ہے، مہنگائی اور بیروزگار ی سے تنگ عوام سمجھ چکی ہے کہ عمران خان کی حکومت کو اب گھر چلے جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ لاہور کا جلسہ بھی ہرصورت ہو کر رہے گا، تحریک انصاف کی حکومت نہ تو کوئی پالیسی بنا سکی ہے اور نہ ہی عوام کی بہتری کے لیے کوئی اقداما ت کر سکی ہے کیونکہ یہ لوگ نا اہل ہیں ، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوام دشمن فیصلہ ہے، پہلے ہی مہنگائی کی شرح اتنی بڑھ چکی ہے کہ لوگ بیزار اور پریشان ہیں اس کے بعد ہر پندرہ دن یا ایک ماہ کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں من مانا اضافہ ظلم کے مترادف ہے، آٹا، چینی ، دودھ سمیت اشیا خورونوش غریب آدمی کے لیے خواب بنتی جار ہی ہیں، عمران خان کی حکومت کو پاکستان کی تاریخ میں بدترین اور فلاپ حکومت کے نام سے یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام جانتی ہے کہ میاں نواز شریف ہی ملکی بہتری اور ترقی کی ضمانت ہیں ، ملتان کے بعد لاہور میںہونے والا جلسہ حکومتی تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا، حکومت اب چند ماہ کی مہمان ہے عمرا ن خان کی حکومت جنوری کا مہینہ نہیں دیکھ پائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی رکاوٹوں کے باوجود ملتان میں کامیاب جلسہ ہوا اور لاہور جلسہ بھی ہر حال میں ہوگا پی ڈی ایم کے کامیاب جلسوں سے حکومتی وزرا میں کھلبلی مچ گئی ہے اور وہ اندرونی طور پر شدید خوفزد ہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مر کزی قیادت اور پی ڈی ایم کی کال پر کل بھر پور احتجاج کیا جائے گا۔