کسی نے طاقت سے روکنے کی کوشش کی تو کارکنوں کو بھی ڈنڈا اٹھانے کی اجازت ہے، مولانا فضل الرحمن

506

ملتان:اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) اور جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ کل ہر صورت ملتان میں جلسہ ہوگا، کارکن رکاوٹیں توڑ کر جلسہ گاہ پہنچیں، ہمیں جلسے سے روکنے کے لیے کوئی ڈنڈا استعمال کرے گا تو کارکنوں کو بھی ڈنڈا اٹھانے کی اجازت ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملتان میں مولان فضل الرحمن کی زیر صدارت پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا اجلاس ہوا جس میں یوسف رضا گیلانی اور رانا ثناء اللہ سمیت دیگر شریک ہوئے، اجلاس میں موجودہ صورتحال پر غور کیا گیا اور آئندہ کا لائحہ عمل بنایا گیا۔

بعد ازاں میڈیا سےگفتگوکرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ملتان کی انتظامیہ کی جانب سے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کئے جارہے ہیں، تمام پارٹیوں کے کارکنوں کو گرفتار کیا جارہا ہے،حکومت ریاستی دہشت گردی پر اتر آئی ہے، کل ملتان میں پی ڈی ایم کا جلسہ ہو کررہے گا، ہم ہر صورتحال کا مقابلہ کرنے کو تیار ہیں، ہم نے تمام صورتحال کا مقابلہ کرنےکیلیے حکمت عملی تیار کرلی ہے۔

انہوں نےکہا کہ تمام پارٹیوں سے کہنا چاہتا ہوں کہ رکاوٹیں توڑ کر جلسے میں آئیں، پی ڈی ایم کے جلسے کو روکنے پر عوام کا سیلاب انہیں بہا لے جائے گا، کوئی ڈنڈا استعمال کرے گا تو کارکنوں کو بھی ڈنڈا اٹھانے کی اجازت ہے۔

مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ پی ڈی ایم نے جنوری میں لانگ مارچ کرنے کا کہا تھا، لیکن لگتا ہے حکومت چاہتی ہے کہ ہم جلد لانگ مارچ کریں، جلسے میں نہ پہنچ سکے تو جیلیں بھردیں گے اور جلد اسلام آباد پہنچ کر حکومت کو اس کی اوقات بتائیں گے۔