دورہ نیوزی لینڈ: پاکستان کرکٹ ٹیم کی آئسولیشن میں نرمی

407

نیوزی لینڈ کرکٹ اتھارٹی نے قومی اسکواڈ کی آئسولیشن میں نرمی کردی، نیوزی لینڈ میں موجود قومی اسکواڈ کے ان ممبرز کو چہل  قدمی کی اجازت ملی ہے جن کے کورونا ٹیسٹ منفی آئے ہیں.

میڈیا رپورٹس کے مطابق آئسولیشن میں نرمی کے باعث قومی اسکواڈ میں شامل اسپورٹ اسٹاف اور کھلاڑی کے اراکین ہوٹل سے متصل گراؤنڈ میں مقررہ مخصوص اوقات میں چہل قدمی کرسکتے ہیں.

یہ بھی پڑھیں: دورہ نیوزی لینڈ: ایک اور کھلاڑی کورونا کا شکار

پاکستان کرکٹ بورڈ اور نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے درمیان رابطہ ہوا جس میں پی سی بی نے کرکٹ نیوزی لینڈ سے قومی کھلاڑیوں کی ٹریننگ جلد کھولنے کی درخواست کی.

دوسری جانب نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ اتھارٹی کے مطابق کورونا کے  پھیلاوَ کے خدشے کے پیش نظر قومی اسکواڈ کی ٹریننگ پر پابندی برقرار رہے گی اور 30 نومبر کو نیوزی لینڈ میں قومی اسکواڈ کا تیسرا کورونا ٹیسٹ بھی کیا جائے گا.

واضح رہے کہ دورہ نیوزی لینڈ کے لیے جانے والی پاکستان کرکٹ ٹیم کے 55 رکنی اسکواڈ کا کرائسٹ چرچ پہنچنے پر کورونا ٹیسٹ کیا گیا جن میں قومی ٹیم کے 6 ارکان کا کورونا مثبت آیا تھا.

نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے مطابق پاکستان اسکواڈ کے کچھ اراکین نے آئسولیشن کے پہلے دن ایس او پیز کی خلاف ورزی کی اور جن 6 ارکان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے ان میں 2 ارکان پہلے بھی کورونا کا شکار ہوچکے ہیں.

قومی کھلاڑیوں کی جانب سے کی جانے والی خلاف ورزی پر نیوزی لینڈ کی حکومت نے پاکستانی ٹیم کو آخری وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ ایک اور کورونا ایس او پی کی خلاف ورزی کی تو پوری ٹیم کو ڈی پورٹ کردیا جائے گا.