بیرون ملک پاکستانیوں کے مسائل کا حل اولین ترجیح ہے، اسد قیصر

103

اسلام آباد (اے پی پی) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں اوران کے مسائل حل کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے جس کے لیے پارلیمنٹ اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے، سعودی عرب میں روزگار کے سلسلے میں مقیم پاکستانیوں کو لیبر قوانین میں تبدیلی کی وجہ سے مسائل کا سامنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سعودی عرب کے پاکستان میں سفیر نواف بن سعید المالکی سے جمعرات کو ہونے والی ملاقات میں پیشرفت کے تناظر میں کیا ہے۔ انہوں نے ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا سعودی عرب کے سفیر کے ساتھ ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل اور دونوں ممالک کے مابین دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلیے دونوں ایوانوں کے ارکان پر مشتمل ایک پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جائے۔ اسپیکر نے ملاقات میں سعودی عرب میں نئے لیبر قوانین متعارف ہونے کی وجہ سے وہاں پاکستانیوں کو درپیش مسائل کا ذکر کیا جس پر سعودی سفیر نے انہیں یقین دلایا ہے کہ وہ اس معاملے کو سعودی حکومت کے سامنے اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کا مقصد بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کو سننا اور ان مسائل کو حکومتی سطح پر حل کرنے کیلیے اقدامات اٹھانا ہے۔ اسپیکر نے کہا کہ پارلیمنٹ میں موجود منتخب عوامی نمائندوں کو ملکی مسائل کے ساتھ ساتھ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کو بھی حل کرنے کی طرف خصوصی توجہ دینی چاہیے۔