دفاعی پیداوار میں خود انحصاری ناگزیر ہے، آرمی چیف

234

راولپنڈی (اے پی پی) بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ مستقبل کے جنگی میدان کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے دفاعی پیداوار میں خود انحصاری کے حصول کے لیے جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لانا انتہائی اہم ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعے کو پاکستان آرڈیننس فیکٹریز (پی او ایف) واہ کے دورے کے دوران کیا جہاں انہیں مختلف پروڈکشن یونٹس کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پی او ایف مسلح افواج اور ملکی دفاع کے لیے مرکزی کردار ادا کر رہا ہے۔ بری فوج کے سربراہ نے پی او ایف اسٹاف کی انتظامیہ اور کارکنوں کی کاوشوں کو سراہا۔ علاوہ ازیں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے تاجکستان کے صدر امام علی رحمن سمیت دیگر اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقات کی جس میں سیکورٹی تعاون، دوطرفہ افواج کے مابین تعلقات کو وسعت دینے کے لیے عملی اقدامات پر زور دیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ندیم رضا تاجکستان کے سرکاری دورے پر ہیں انہوںنے کہا کہ پاکستان، تاجک افواج کے ساتھ تعلقات کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے۔ تاجک قیادت نے پاکستانی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی افواج کی قربانیاں قابل قدر ہیں۔