یو اے ای سے پہلی پرواز آج اسرائیل کیلئے اُڑان بھرے گی

381

پہلے عرب ملک متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے اسرائیل کے لیے براہِ راست کمرشل پرواز شیڈول کردی جو چار گھنٹے کی مسافت طے کر کے اسرائیلی شہر تل ابیب پہنچے گی۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق یو اے ای نے اسرائیل سے نئے تعلقات استوار کرنے کے بعد پہلی کمرشل پرواز شیڈول کردی ہے جو اسرائیلی ائیرپورٹ بین گوریئن انٹرنیشنل پر اترے گی۔

کمرشل پرواز کی پہلی بار آمد پر اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو استقبال کریں گے۔

عرب ذرائع ابلاغ کے لیے نیتن یاہو کے ترجمان اوفير جندلمان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بتایا کہ “وزیراعظم نیتن یاہو آج صبح ائیرپورٹ پر ‘فلائی دبئی’ کی افتتاحی پرواز کا استقبال کریں گے۔”

اوفير جندلمان نے مزید لکھا کہ “یہ امن کے ثمرات ہیں عزیز اماراتی سیاحوں! اسرائیل میں خوش آمدید!”۔

خلیجی ممالک میں متحدہ عرب امارات وہ پہلا ملک ہے جس نے ستمبر 2020 میں اسرائیل سے تعلقات استوار کیے۔ اس کے بعد بحرین اور سوڈان نے بھی ایسا کیا۔

کورونا وائرس کے باعث معیشت کو نقصان پہنچنے کے بعد یو اے ای اور اسرائیل کو امید ہے کہ نئے تعلقات سے معیشت مستحکم ہوگی۔

فلائی دبئی ائیر لائن کے سی ای او کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے لیے شیڈول پرواز یو اے ای کی معیشت کو سہارا دینے کے ساتھ ساتھ غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے بھی راہ ہموار کرے گی۔

پرواز دن میں دو مرتبہ اسرائیل کے لیے اڑان بھرے گی۔ اسرائیل کی دو ایئر لائنز اگلے ماہ متحدہ عرب امارات کے لیے اپنی کمرشل پروازوں کا آغاز کریں گی۔

دبئی کی ائیر لائن اتحاد بھی تل ابیب کے لیے مارچ 2021 میں پروازیں شروع کرے گی۔ دونوں ممالک پہلے ہی ویزا فری سفر کے معاہدوں پر دستخط کر چکے ہیں جس کا نفاذ ہونا باقی ہے۔